بنگلورو۔23؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) شہر میں گزشتہ رات سے ہونے والی موسلادھار بارش کے سبب کئی مقامات پر درخت گرنے کے واقعات پیش آئے۔جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کل رات ساڑھے آٹھ بجے سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جو آج تک بھی جاری ہے۔ آر ٹی نگر میں کے پی سی سی کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ کی رہائش گاہ کے روبرو وجئے نگر ماروتی مندر ا، اٹامڑو ، بگ بازار وغیرہ کے پاس بھی درخت زمین بوس ہوگئے،جس سے ٹریفک نظام متاثر رہا۔ موریوں سے نکلنے والا پانی نشیبی علاقوں کے مکانات میں داخل ہونے سے مکینوں کو رات بھر جاگ کر بسر کرنی پڑی۔ کورمنگلا اور جے پی نگر میں بھی درخت گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاکہ کہیں بھی کسی نقصان کی رپورٹ نہیں ملی۔ بارش کے پیش نظر بی بی ایم پی کے ذریعہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے علاوہ ہیلپ لائن نمبروں کے ذریعہ موصول ہونے والی شکایات کو دور کرنے کی کوشش جاری ہے۔